لکھنؤ،3؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی)ملک بھر میں کورونا وائرس کا قہر تیزی سے بڑھ رہا ہے- کورونا وائرس کے انفیکشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کو دیکھتے ہوئے، اتر پردیش حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو11؍ اپریل تک پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کیلئے بند رکھنے کا حکم دیا ہے-
واضح رہے کہ کچھ روزقبل وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اترپردیش میں 8ویں جماعت کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو 4؍ اپریل تک بند رکھنے کا حکم دیا تھا- لیکن اب اس کی مدت میں مزید توسیع کردی گئی ہے- اب اترپردیش کے تمام سرکاری اور نجی پہلی سے آٹھویں جماعت کے تمام اسکول 11؍ اپریل تک بند رہیں گے-حال ہی میں وزیر اعلیٰ نے کورونا کے پیش نظر ریاست میں مکمل نگرانی کرنے کی ہدایت دی تھی- انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ پوری صلاحیت سے کروائیں - یوگی نے دیہی اور شہری علاقوں میں مانیٹرنگ کمیٹیوں کو مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت بھی دی- انہوں نے کہا تھا کہ ہر گاؤں اور وارڈ میں مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں -